اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملے مکمل طور پر رکنے کے بعد یمن کے بحران کے خاتمے کے لئے مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گا۔
عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ایک بیان میں سعودی عرب کی فضائی جارحیت اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن کے عوام کے محاصرے کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یمن کے مسئلے کے پرامن حل کے لئے اقوام متحدہ کی ہر قسم کی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ محمد عبدالسلام نے کہا کہ یمن پر ہوائی حملے اور اس کا محاصرہ اب بھی جاری ہے اور اس ملک کے بحران کے حل کے سلسلے میں کل جماعتی مذاکرات ضروری ہیں تاکہ آل سعود کی جارحیت کا مکمل خاتمہ ہو جائے۔ انصاراللہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب، یمن میں قبائلی جنگ چھیڑنے کے لئے داعش دہشتگرد گروہ کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کہا کہ اگر یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس وقت پر اپنی ذمہ داری نہ نبھاتیں، تو اس وقت یمن بھی داعش اور القاعدہ جیسے گروہوں کا مرکز بن چکا ہوتا۔ محمد عبدالسلام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا کے کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ یمن کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کرے یا اس کے خلاف جنگ کا اعلان کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲